بھٹکل 8/ نومبر (ایس او نیوز) یہاں سے قریب 25کلو میٹر دور منکی نیشنل ہائی وے پر ایک تیز رفتار کار اور لاری کی زد میں آکر بائک سوار کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی جس کی شناخت ناگیش کھاروی (64) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ناگیش ایک بوٹ پر ملازمت کرتا تھا، آج صبح اپنے گھر سے بوٹ پر کام کرنے قریبی علاقہ کاسرکوڈ جارہا تھا کہ مخالف سمت سے آنے والی ایک تیز رفتار کار اس کی بائک سے ٹکراگئی۔ ٹکر لگتے ہی ناگیش سڑک پر گرا، جس کے دوران ایک لاری اس پر چڑھ گئی اور لاری کا پچھلا پہیہ اس کے سر پر سے گذر گیا۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ حادثے کے فوری بعدکار اور لاری موقع پر سے فرار ہوگئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی منکی کے نوجوان کافی تعداد میں موقع واردات پر پہنچ گئے، معروف سماجی کارکن ذاکر کٹنگری اور فہیم شینگری سمیت دیگر نوجوانوں نے منکی پولس کی مدد کرتے ہوئے ناگیش کی لاش کو ہوناور سرکاری اسپتال پہنچایا، جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد لاش کو اُس کے لواحقین کے حوالے کی جائے گی۔
اس دوران خبر ملی ہے کہ منکی میں بائک کو ٹکر دے کر فرار ہونے کے بعدبھٹکل کے شرالی چیک پوسٹ پر بھٹکل ٹائون پولس کے اہلکاروں نے کار کو دھرلیا ہے۔ البتہ لاری کی تلاش جاری ہے۔
منکی پولس تھانہ میں معاملہ درج کرلیا گیا ہے اور پولس مزید چھان بین میں لگی ہوئی ہے۔